لاہور: آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے پوائنٹس پاکستان اور بھارت میں برابر تقسیم کرنے پر ناخوش پی سی بی باضابطہ ردعمل کی تیاری میں مصروف ہے، بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ فیصلے پر مایوسی ہوئی۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر، لیگل ٹیم اور دیگر متعلقہ شعبوں کے سربراہ معاملے کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، یہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اپنا موقف دیں گے۔یاد رہے کہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں بھارت کو پاکستان کی میزبانی کرنا تھی،بی سی سی آئی نے حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کا جواز پیش کردیا جس کے بعد ٹیکنیکل کمیٹی نے دونوں ٹیموں میں پوائنٹس برابر تقسیم کردیے۔
اس وجہ سے بھارتی ٹیم تو براہ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر گئی مگر پاکستان کے ہاتھ سے یہ موقع نکل گیا اور اسے کوالیفائینگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔