کراچی:
ترجمان کے مطابق یہ ایک ڈومیسٹک ایونٹ اور میزبان بورڈ کو ہی معاملہ دیکھنا ہے۔ دوسری جانب ٹیم کے کوچ ڈین جونز نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ طارق وصی پریکٹس کے اوقات طے کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پشاورزلمی کے خلاف جمعے کی شب کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے ایک آفیشل کی جانب سے ڈگ آؤٹ میں موبائل فون استعمال کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی۔ آفیشل کی اس حرکت پر اعتراض کرنے والوں میں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر بھی شامل تھے جنھوں نے اسے غلط قرار دیا۔
اس معاملے پر بھارتی میڈیا نے تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے ہی رابطہ کرلیا، جس پر ایک آفیشل نے واضح کیا کہ یہ ایک ڈومیسٹک میچ اور پی سی بی کا اپنا معاملہ ہے۔ دوسری جانب کراچی کنگز کے کوچ ڈین جونز نے ڈگ آؤٹ میں آفیشل کی جانب سے موبائل فون استعمال کیے جانے پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹی ٹوئنٹی لیگز میں چیف ایگزیکٹیو/منیجر کو فون رکھنے کی اجازت ہوتی ہے۔
ایک ذیلی آرٹیکل 4.2 میں آئی سی سی نے واضح کیاکہ ہر ٹیم منیجر کو موبائل ڈیوائس اپنے ساتھ رکھنے کی اجازت ہے، وہ اسے کسی کرکٹنگ مقصد یا پھر پلیئر یا سپورٹ اسٹاف کو انتہائی اہم ذاتی مسئلہ پیش آنے پر استعمال کرسکتا ہے۔