لاہور: آئی سی سی نے بھی پاکستانی سیکیورٹی پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے ٹیسٹ سیریز کیلیے آئی سی سی نے میچ آفیشلز کا تقرر کردیا، پہلے میچ میں مائیکل گف اور رچرڈ کیٹل برو، دوسرے میں بروس اوکسنفورڈ اور جوئل ولسن آن فیلڈ امپائرز کے فرائض سرانجام دیں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے مابین رواں ماہ ہونے والی ٹیسٹ سیریز کیلیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا،راولپنڈی میں 11دسمبر کو شروع ہونے والے پہلے میچ میں مائیکل گف اور رچرڈ کیٹل برو آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، رچرڈ ایلنگورتھ تھرڈ، شوزب رضا فورتھ امپائر جبکہ اینڈی پائی کرافٹ میچ ریفری ہوں گے۔
کراچی میں 19دسمبر سے شروع ہونے والے دوسرے میچ کیلیے بروس اوکسنفورڈ اور جوئل ولسن آن فیلڈ امپائرز کے فرائض سرانجام دیں گے، گریگری بریتھ ویٹ کو تھرڈ،احسن رضا کو فورتھ امپائر جبکہ جیف کرو کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مائیکل گف اور جوئل ولسن پاک سری لنکا ون ڈے سیریز سپروائز کرنے کیلیے بھی پاکستان آچکے ہیں،سری لنکن ٹیم کی آمد کے ساتھ ملک میں 10سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہورہی ہے۔
غیر ملکی آفیشلز کا تقرر آئی سی سی کی جانب سے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر اعتماد کا اظہار ہے،مئی 2015میں زمبابوے سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلیے کونسل نے نیوٹرل امپائرز بھجوانے سے انکار کردیا تھا،بنگلہ دیش کیخلاف سیریز ممکن ہوئی تو اس کے بعد پی ایس ایل میں بھی غیر ملکی آفیشلز کی آمد ہوگی۔