آئی سی سی نے ’’مزید ڈالرز‘‘ کمانے کا منصوبہ بنا لیا

آئی سی سی نے ’’مزید ڈالرز‘‘ کمانے کا منصوبہ بنا لیا


دبئی: 

 آئی سی سی نے ’’مزید مال‘‘ کمانے کا منصوبہ بنا لیا، نئے دورانیے کے مجوزہ ایونٹس میں ٹی 20 چیمپئنز کپ کو بھی شامل کرلیا گیا جب کہ 10 ٹاپ ٹیموں کے درمیان ہر 4 برس بعد 48 میچز کا ایونٹ ہوگا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2023 سے 2031 تک کے اپنے اگلے نشریاتی دورانیہ میں ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے فارمیٹ کے 2 نئے ایونٹس چیمپئنز کپ کے نام سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے ویب سائٹ ’کرک انفو‘ پر سامنے آنے والی تفصیلات میں انکشاف کیا گیاکہ ٹی 20 چیمپئنز کپ 2024 اور 2028 میں منعقد کیا جائے گا، ون ڈے چیمپئنز کپ 2025 اور 2029 میں منعقد ہوں گے۔ ان کے ساتھ ٹی 20 ورلڈ کپ کا 2026  اور 2030 میں انعقاد ہوگا،ون ڈے ورلڈ کپ 2027 اور 2031 میں منعقد کیے جائیں گے۔

ون ڈے چیمپئنز کپ دراصل سابقہ چیمپئنز ٹرافی کی طرز پر کھیلا جائے گا جس میں صرف 6 ٹاپ ٹیموں کے درمیان 16 میچز ہوں گے،ٹی 20 چیمپئنز کپ میں ٹاپ 10 ٹیموں کے درمیان 48 میچز کھلانے کا ارادہ ہے جو گذشتہ ایک روزہ ورلڈ کپ کے میچز کے برابر ہیں۔

ممبر ممالک کو ہدایت کی گئی کہ2023 سے 2031 کے دوران شیڈول ان ایونٹس میں سے کسی کی میزبانی میں دلچسپی رکھتے ہوں تو 15 مارچ سے پہلے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا جائے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی اور اس کے چیف ایگزیکٹیو مانو ساہنی پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ گورننگ باڈی کو سال میں کم سے کم ایک عالمی ایونٹ کا انعقاد ضرور کرنا چاہیے۔ اسی طرح اگلے دورانیے میں 2025، 2027، 2029 اور 2031 میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنلز بھی ہوں گے۔ سفید بال کے دونوں فارمیٹس ورلڈ کپ کے علاوہ ویمنز چیمپئنز کپ بھی منعقد کیے جائیں گے تاہم ان میں ٹیموں اور میچز کی تعداد کم ہوگی۔


اپنا تبصرہ لکھیں