آئی سی سی ایونٹس، پاکستان نے میزبانی کا خواب آنکھوں میں سجا لیا


 لاہور: 

 پاکستان نے آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کا خواب آنکھوں میں سجالیا۔پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا 63 واں اجلاس بدھ کو ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا، اس موقع پر ارکان کو آگاہ کیا گیا کہ پی سی بی نے31-2024 کے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل 6آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کیلیے اظہار دلچسپی جمع کرا دیا ہے، بورڈ 3 وینیوز پر کھیلی جانے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 اور 2029 کی میزبانی کا خواہاں ہے۔

دوسری جانب 8وینیوز پر کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 اور 2028 جبکہ 10 وینیوز پر شیڈول 50اوورز میگا ایونٹ2027 اور 2031 کی میزبانی میں شراکت داری کی خواہش بھی ظاہر کردی ہے،طریقہ کار کے مطابق آئی سی سی کی  ایویلوایشن کمیٹی پی سی بی کے ایکسپریشن آف انٹریسٹ کا بغور جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرے گی، ان ایونٹس کی میزبانی دینے کیلیے کارروائی کا آغاز ستمبر میں ہوگا،بورڈ پْرامید ہے کہ کم از کم ایک ایونٹ کی میزبانی حاصل کرلے گا۔

دریں اثنا بی او جی نے پی ایس ایل 6 کو مکمل کرنے پر پی سی بی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایونٹ کی کامیابی کیلیے مشکل وقت بائیو سیکیور ببل میں گزارنے والے فرنچائزمالکان اور تمام کھلاڑیوں کو سراہا، ارکان کو بتایاگیاکہ ساتویں ایڈیشن کا انعقاد پاکستان میں ہوگا، تمام فرنچائزز کی مشاورت سے موزوں ونڈو کا انتخاب کیا جائے گا۔

بی او جی کوبتایاگیا کہ ستمبر 2021 سے مارچ 2022 تک نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز اور پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں بائیو سیکیور پروٹوکولز اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ریسٹراڈا اور ای ایس آئی بورڈ کی معاونت کریں گے۔

بی او جی نے مالی سال 22-2021 کے بجٹ کی منظوری دیدی ہے، اس کی کل مالیت 8.997 بلین روپے ہے، رقم ہوم و انٹرنیشنل، ڈومیسٹک کرکٹ، پی ایس ایل 6اور دیگر انتظامی امور پر خرچ کی جائے گی،آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ میں گذشتہ سال کی با نسبت 2 بلین روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

پاکستان کی انٹرنیشنل سیریز9 سے 16ہونے اور ڈومیسٹک ایونٹس کی تعداد میں 11سے 19 فیصد تک اضافہ، مینز اور ویمنز کرکٹرز کے ماہوار وظیفوں میں 10 سے 25 فیصد بڑھائے جانے،ہوم سیریز کی پروڈکشن اور کورونا پروٹوکولز کے تحت رقم مختص ہونے کی وجہ سے بجٹ زیادہ رکھا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ رجسٹریشن کے عمل میں 93000سے زائد کھلاڑیوں اور 3800 سے زائد کلبز نے شرکت کی، اسکروٹنی مکمل ہوتے ہی نچلی سطح پر کرکٹ کا آغاز کردیا جائے گا، 6کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ بورڈز سربراہان سے سہ ماہی بنیادوں پرمیٹنگز کا عمل شروع ہوچکا تاکہ چیلنجز کو سمجھ کر معاونت کی جا سکے، پی سی بی میں افرادی قوت سے متعلق جائزہ بھی پیش کیا گیا،گورننس، رئیل اسٹیٹ، آئین اور قانونی امور کے بارے میں مکمل اپ ڈیٹ دی گئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں