لاہور: کورونا وائرس کے باعث آئر لینڈ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کی میزبانی مشکل نظر آنے لگی، دونوں سیریز ملتوی ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹیو وارن ڈیوٹروم نے مقابلوں کو شدید خطرے میں قرار دے دیا، پی سی بی نے تاحال امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا،سال بھر کے شیڈول میں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے ٹورز بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے کورونا وائرس پر قابو پا لیا ہے، وہاں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بحال ہونا شروع ہو گئیں لیکن آئرلینڈ میں انٹرنیشنل کرکٹ پر خدشات کے بادل موجود ہیں،کیویز نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز 19،21 اور 23 جون جبکہ اتنے ہی ون ڈے میچز 27،30 جون اور 2 جولائی کو کھیلنا ہیں، اس کے بعد آئرلینڈ میں ہی پاکستان ٹیم کے بھی 12 اور 14 جولائی کو ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں لیکن موجودہ صورت حال میں یہ دونوں سیریز ہوتی نظر نہیں آ رہیں، ایک انٹرویو میں کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹیو وارن ڈیوٹروم نے مقابلوں کو شدید خطرے میں قرار دیا ہے، یاد رہے کہ گرین شرٹس کو جولائی میں ہالینڈ کے خلاف3 ون ڈے میچز کھیلنا تھے، یہ دورہ ملتوی کیا جا چکا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ میں سیریز کے امکانات پر غور کیلیے دونوں بورڈز حکام 15 مئی کو ویڈیو کانفرنس سے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ دوسری جانب پی سی بی نے تاحال آئرلینڈ اور انگلینڈ سے سیریز کیلیے امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیاکہ آئندہ سیزن میں پاکستان کو آئرش ٹیم کے خلاف 2 ٹی ٹوئنٹی میچز مشتمل سیریز جولائی میں کھیلنا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی (جولائی تا ستمبر)،جنوبی افریقہ کے خلاف3ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز (اکتوبر)، زمبابوے سے 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوم سیریز (نومبر)، نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز (دسمبر)، جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل ہوم سیریز (جنوری 2021)، زمبابوے کے خلاف 2ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز(اپریل 2021) میں کھیلنا ہے۔ ان دو طرفہ سیریز کے علاوہ پاکستان کو ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 میں بھی شرکت کرنا ہے۔