اوپو کا سب سے سستا 5 جی فون پیش


اوپو نے رواں سال جون میں رینو 4 اور 4 پرو اسمارٹ فونز متعارف کرائے تھے جو رواں ماہ پاکستان میں بھی فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔

اب رینو 4 سیریز کا نیا فون اوپو رینو 4 ایس ای متعارف کرایا گیا ہے جو اس کمپنی کا سب سے سستا 5 جی فون بھی ہے۔

رینو 4 سیریز کے دیگر فونز کی طرح 4 ایس ای بھی بہت پتلا ہے جس کی چوڑائی محض 7.9 ملی میٹر ہے۔

رینو 4 ایس ای میں 6.43 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں فنگرپرنٹ اسکینر اسکرین کے اندر ہی نصب ہے۔

فون میں 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے جو ڈسپلے کے بائیں کونے کی جانب ہے۔

ڈیوائس میں ڈیمینسٹی 720 فائیو جی پراسیسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے گئے ہیں، جن میں اضافہ ممکن نہیں۔

اوپو کے فونز فاسٹ چارجنگ کے حوالے سے جانے جاتے ہیں اور رینو 4 ایس ای بھی اس حوالے سے کسی سے کم نہیں۔

اس کی 4300 ایم اے ای بیٹری کے ساتھ 65 واٹ سپر وی او او سی فلیش چارج 2.0 سپورٹ دی گئی ہے جبکہ اوریجنل چارجر نہ ہونے پر بھی فون کو 18 واٹ پاور ڈیلیوری حاصل ہوتی ہے۔

فون میں اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے کلر او ایس 7.2 سے کیا ہے۔

فون میں بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں 48 میگا پکسل مین کیمرا ایف 1.7 آپرچر کے ساتھ ہے۔

اس کے علاوہ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے میں ایف 2.2 آپرچر جبکہ 2 میگا پکسل میکرو کیمرے میں ایف 2.4 آپرچر دیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ اوپو
فوٹو بشکریہ اوپو

اس فون کو سب سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

اس کا 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 2399 چینی یوآن (61 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 256 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 2799 یوآن (68 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں