اومیکرون ویرینٹ: مساجد، عبادت گاہوں میں صرف ویکسینیٹڈ افراد کو داخلے کی اجازت

اومیکرون ویرینٹ: مساجد، عبادت گاہوں میں صرف ویکسینیٹڈ افراد کو داخلے کی اجازت


ملک میں کورونا وائرس کے ویرینٹ ’اومیکرون’ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے مساجد اور عبادت گاہوں کے لیے ایس او پیز کا اعلان کردیا گیا۔

این سی او سی کے اجلاس میں ملک میں عالمی وبا کے موجودہ حالات کا جائزہ لیا گیا جس میں فورم کی جانب سے مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں نئے ایس او پیز کے نفاذ پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ مساجد اور عبادت گاہوں میں صرف ویکسینیٹڈ افراد کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

این سے او سی نے مساجد اور عبادت گاہوں کے لیے درج ذیل ہدایات جاری کی ہیں:

  • عبادت گاہوں میں داخل ہونے والے افراد کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
  • عبادت کے دوران 6 فٹ کے سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا جائے۔
  • مساجد سے جائے نماز اور قالین ہٹادی جائیں۔
  • این سی او سی نے بزرگ افراد کو گھروں میں عبادت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
  • مساجد اور عبادت گاہوں میں عبادت کے دوران حاضری کم سے کم رکھی جائے۔
  • عبادت گزار گھروں سے وضو کر کے آئیں۔
  • مساجد اور عبادت گاہوں کی انتظامیہ وینٹی لیشن کے لیے دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھیں۔
  • جمعہ کا خطبہ مختصر کیا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز این سی او سی کی جانب سے اسکولوں کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ تعلیمی اداروں میں اگلے دو ہفتوں کے دوران ٹیسٹ کی شرح میں تیزی سے اضافہ کیا جائے گا اور خاص کر ان شہروں میں جہاں وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے۔

این سی او سی نے کہا کہ جن تعلیمی اداروں، اطراف اور سیکشنز میں مثبت کیسز کی شرح زیادہ ہے وہ ایک ہفتے کے لیے بند رکھے جائیں گے۔

صوبائی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ صحت کے ضلعی حکام، تعلیمی حکام اور اسکول انتظامیہ کے ساتھ مشاورت سے بندشوں کا فیصلہ کرنے کے لیے کیسز کی تعداد کا تعین کریں۔

این سی او سی نے کہا کہ صوبائی اکائیاں اسکولوں میں ویکسی نیشن کی خصوصی مہم چلائیں اور 12 سال سے بڑی عمر کے بچوں کی 100 فیصد ویکسی نیشن یقینی بنائیں۔

اس سے قبل این سی او سی نے 17 جنوری 2022 سے ہوائی سفر میں کھانے اور ناشتے پر مکمل پابندی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سول ایوی ایشن (سی اے اے) سے کہا گیا تھا کہ وہ پرواز کے اندر ماسک پہننے کو یقینی بنائے اور تمام ہوائی اڈوں پر کورونا ایس او پیز کو بھی نافذ کرے۔

این سی او سی نے بیان میں کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی کھانے اور ناشتے کی فراہمی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 6 ہزار 540 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد مثبت کیسز کی شرح 11.10 فیصد تک پہنچ چکی ہیں، عالمی وبا سے متاثر افراد زیر علاج ایک ہزار 55 مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ 12 مریض انتقال کر گئے ہیں۔

این سی او سی کے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ملک بھر میں اب تک ویکسینز کی 17 کروڑ 47 لاکھ 850 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں، جو ملک کی مجموعی آبادی کا 35 فیصد جبکہ ویکسین کی اہل آبادی کا 52 فیصد ہے۔

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ویکسین لگوانے کی ہدایت دی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں