جینوا:
ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون دنیا کے 89 ممالک میں پھیل چکی ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ 89 ممالک میں پھیل رہے اومیکرون وائرس کی تعداد ہر ڈیڑھ سے 3 دن میں دگنی ہوتی جارہی ہے
ڈبلیو ایچ او نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ کورونا وائرس کی تبدیل شدہ نئی شکل زیادہ تر اعلیٰ سطح کی قوتِ مدافعت کی حامل آبادی والے ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ان ممالک میں ویکسی نیشن کی شرح دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہے،
ڈبلیو ایچ او نے بتایا کہ تیزی سے پھیلنے کی شرح کو مدَنظر رکھتے ہوئے غالب گمان یہی ہے کہ کوروناوائرس کی یہ نئی قسم ڈیلٹا پر بھی سبقت لے جائے گی۔
عالمی ادارہ صحت کا مزید کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ اومیکرون کے اس تیزی سے پھیلنے کی وجہ موجودہ قوتِ مدافعت کے غیر موثر ہونے سے ہے یا وائرس کی صلاحیت منتقلی کا دیگر اقسام سے زیادہ موثر ہونا ہے یا پھر دونوں ہی وجوہات ہیں۔