اولمپکس کے ساتھ گوگل ڈوڈل میں بھی چیمپیئن شپ کا آغاز

اولمپکس کے ساتھ گوگل ڈوڈل میں بھی چیمپیئن شپ کا آغاز


ٹوکیو:

ٹوکیو اولمپکس 2020 شروع ہوتے ہی گوگل نے ہوم پیج پر اپنا ڈوڈل تبدیل کرتے ہوئے ’’چیمپئن آئی لینڈ گیمز‘‘ کا آغاز بھی کردیا ہے جنہیں آن لائن کھیلا جاسکے گا۔ یہ ڈوڈل چیمپیئن شپ ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔

یہ 16 بِٹ ویڈیو گیمز ہیں جنہیں جاپانی اینی میشن کمپنی ’’اسٹوڈیو فور ڈگری سی‘‘ (Studio 4°C) کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔

اس چیمپیئن شپ میں شامل تمام ویڈیو گیمز اُن کھیلوں پر مشتمل ہیں جو اولمپکس میں کھیلے جاتے ہیں جبکہ ہر گیم میں جاپانی مناظر، معاشرے، تہذیب و تمدن کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ان گیمز کا مرکزی کردار ’’کالیکو‘‘ نامی ایک ننجا بلی ہے جسے صارف خود کنٹرول کرتا ہے۔ کالیکو کے ساتھ آپ نیلی، سرخ، پیلی یا سبز ٹیموں میں سے کسی ایک میں شامل ہوسکتے ہیں جن کی نمائندگی بالترتیب اوشی (گائے)، کاراسو (کوے)، ایناری (لومڑی) اور کاپا (پانی سے بنے ہوئے کچھوے) سے کی گئی ہے۔

چیمپئن شپ میں اسکیٹ بورڈنگ، ٹیبل ٹینس اور دیوار پر چڑھنے سمیت کُل سات چھوٹے چھوٹے آن لائن گیمز ہیں جن میں سے بھی ہر گیم کا ایک ’’لیجنڈری چیمپیئن‘‘ ہے جسے سب سے آخری مرحلے پر شکست دے کر ہی فاتح بنا جاسکتا ہے۔

گیمز کی ترتیب کسی کارٹون فلم جیسی رکھی گئی ہے جس میں ’’کالیکو‘‘ ننجا بلی ایک جزیرے پر پہنچ جاتی ہے جہاں کھیلوں کی چیمپیئن شپ ہورہی ہے۔ کالیکو اسی چیمپیئن شپ کے کھیلوں میں حصہ لیتی ہے۔

ماضی میں بنائے گئے ڈوڈل گیمز کی طرح یہ گیمز بھی صرف براؤزر میں آن لائن رہتے ہوئے ہی کھیلے جاسکتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں