اسلام آباد:
اس مجوزہ فیصلے کو آئندہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق اوجی ڈی سی ایل کے شیئرز کی فروخت سے متعلق وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومروکی زیرصدارت اسٹیک ہولڈرزکا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیرنجکاری محمد میاں سومرو نے کہاکہ گذشتہ سال اگست میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں اوجی کے 7فیصد شیئرزکی فروخت کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ شیئرز کی فروخت سے حاصل منافع سے ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا۔
اجلاس میں کیپیٹل مارکیٹ میں اوجی کی موجودہ شیئر پرائس اوراس کے ڈایسٹمنٹ پراثرات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس میں او جی کے 10 فیصد تک حصص کی اسٹریٹجک سیل کا جائزہ لیا گیا اوراس مجوزہ فیصلے کو آئندہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نجکاری سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(آئی ایف سی)کے نمائندوں نے بھی ملاقات کی۔
وفاقی وزیر نے آئی ایف سی کے تعاون کی بدولت غیرمتوقع سرمایہ کاروںکی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا دیتے ہوئے کہا کہ غیر منافع بخش اداروں کو نجکاری کے ذریعے فعال اورمنافع بخش بناکر غربت کا خاتمہ اور قرضوں کی ادائیگی کو ممکن بنائیں گے۔