’انہیں ختم کر دو‘ نکی ہیلی کا اسرائیلی افواج کیلئے پیغام

’انہیں ختم کر دو‘ نکی ہیلی کا اسرائیلی افواج کیلئے پیغام


امریکا کی اپوزیشن جماعت ریپبلکن سے تعلق رکھنے والی سابق صدارتی امیدوار نکی ہیلی نے حال ہی میں لبنان سے منسلک اسرائیلی سرحدی علاقے کا دورہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نکی ہیلی نے اپنے دورے کے دوران اس مقام کا بھی دورہ کیا جہاں 7 اکتوبر کو حماس نے حملہ کیا تھا۔

تاہم اب اسرائیلی رکن پارلیمنٹ اور اقوامِ متحدہ کے سابق سفیر ڈینی ڈینن، جو مذکورہ دورے پر ان کے ساتھ موجود تھے، نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دورے کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اس تصویر میں 52 سالہ نکی ہیلی کو غزہ پر گرائے جانے والے اسرائیلی میزائل پر اسرائیلی افواج کے نام متنازع پیغام تحریر کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

’انہیں ختم کر دو‘ نکی ہیلی کا اسرائیلی افواج کیلئے پیغام

مذکورہ تصویر میں سابق امریکی صدارتی امیدوار نے ’ انہیں ختم کر دو، امریکا ہمیشہ اسرائیل سے محبت کرتا رہے گا‘۔

اسرائیلی رکن پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ میری دوست اور سابق سفیر نکی ہیلی نے لکھا ہے کہ ’انہیں ختم کردو‘۔

یاد رہے کہ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی جارحیت میں اب تک 36 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

واضح رہے سابق امریکی صدارتی امیدوار نکی ہیلی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں اقوامِ متحدہ کی ایک سخت گیر اور جارح مزاج مندوب تھیں۔

52 سالہ ہیلی کو مارچ میں امریکی ریپبلکن جماعت کے ابتدائی مقابلوں میں ٹرمپ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ٹرمپ کو ووٹ دینے کا بھی اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ نکی ہیلی 2028 میں صدارتی مقابلے کی ممکنہ امیدوار ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں