انگلینڈ میں پاکستانی اسکواڈ کو مزید کمک مل گئی


 لاہور: 

انگلینڈ میں پاکستانی اسکواڈ کو مزید کمک مل گئی، حیدر علی، کاشف بھٹی اور عمران خان سینئر کے ساتھ مساجر ملنگ علی بھی پہنچ گئے، ایک روز آرام کے بعد قومی کرکٹرز نے بھرپور مشقوں کا دوبارہ آغاز کردیا، شاداب خان کو مشتاق احمد نے خصوصی مشورے دیے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز کا تیسرا گروپ گذشتہ صبح 9 بجے لاہور سے انگلینڈ روانہ ہوا،حیدر علی، کاشف بھٹی اور عمران خان سینئر کے ساتھ مساجر ملنگ علی نے براستہ دبئی مانچسٹر کیلیے اڑان بھری، وہاں سے بذریعہ بس ووسٹر پہنچے،ان چاروں کے پہلے ٹیسٹ پازٹیو آئے تھے جس کے بعد 2 نیگیٹو رپورٹس آنے پر روانگی ممکن ہوسکی،انگلینڈ میں ایک اور کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے پر انھیں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کی اجازت ہوگی، منتخب کرکٹرز میں سے صرف حارث رؤف پاکستان میں رہ گئے ہیں، شعیب ملک 24 جولائی کو جوائن کریں گے۔

دوسری جانب پریکٹس میچ کے بعد منگل کو آرام کرنے والے مہمان کرکٹرز نے ایک بار پھر مشقوں کا آغاز کردیا، تاخیر سے اسکواڈ میں شامل ہونے والے محمد حفیظ، وہاب ریاض، شاداب خان، فخر زمان، محمد رضوان اور محمد حسنین نے بھرپور ٹریننگ شروع کردی۔

تازہ دم دیگر کرکٹرز نے بھی صبح اور سہ پہر کے الگ الگ سیشنز میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں صلاحیتوں کو نکھارا، محمد حفیظ اور فخر زمان نے پریکٹس کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا، امام الحق، شان مسعود اور عابد علی کے بعد بابر اعظم نے بھی اچھی پریکٹس کی، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ اسپیڈ کے ساتھ کنٹرول بھی حاصل کرنے کی کوشش میں رہے، مشتاق احمد نے شاداب خان کو خصوصی پریکٹس کرائی، سلپ میں کچز کی بھرپور مشق بھی ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں