انگلینڈ سے میچز ورلڈ کپ کی تیاریوں کا بہترین موقع قرار


 لاہور: 

 حارث سہیل نے انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کا بہترین موقع قرار دیدیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ون ڈے سیریز کا اوول میں شیڈول پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد پی سی بی کو انٹرویو میں حارث سہیل نے کہا کہ موسم خراب ہونے کی وجہ سے بولرز کو بڑی مدد مل رہی تھی، میری اور امام الحق کی کوشش تھی کہ تھوڑا سیٹ ہو کر اپنے اسٹروکس کھیلیں،ہم دونوں اننگز کو طول دینے کیلیے پُرعزم تھے لیکن بارش نے مداخلت کردی۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ مشکل کنڈیشنز میں انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف سیریز میں خود کو ورلڈکپ کیلیے ذہنی اور جسمانی طورپر تیار کرنے کا اچھا موقع ملے گا، تمام کھلاڑی پُرعزم ہیں کہ اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے بھرپور اعتماد کے ساتھ میگا ایونٹ میں شریک ہوں گے، میزبان ٹیم کی بولنگ اور بیٹنگ دونوں ہی مضبوط ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اچھا کھیلیں اور ڈٹ کر مقابلہ کریں۔

اپنی ذاتی کارکردگی کے حوالے سے حارث سہیل نے کہا کہ میں انجری سے نجات پانے کے بعد آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز میں کم بیک کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوا، اسی فارم اور اعتماد کے بھروسے پہلے انگلینڈ اور پھر ورلڈ کپ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کیلیے پُرعزم ہوں، پوری کوشش ہوگی کہ اپنے کردار سے انصاف کرتے ہوئے ایسی بیٹنگ کروں جو قومی ٹیم کی فتوحات میں معاون بن سکے۔


اپنا تبصرہ لکھیں