آج کے اس جدید دور میں ہر کسی کی خواہش ہے کہ انگریزی زبان پر عبور حاصل کرسکے، گوگل نے اپنے صارفین کی اس مشکل کا حل بھی تلاش کرلیا ہے۔
ایسا پہلی بار نہیں ہورہا، اس سے قبل بھی گوگل نے متعدد ایسی سروسز فراہم کی ہیں جیسے کہ گوگل اسسٹنٹ اور ٹرانسلیٹ جو مختلف زبانوں کا ترجمہ کرنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
مگر اب گوگل نے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے ایسی سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جو مصنوعی ذہانت (AI) ٹیکنالوجی کااستعمال کرتے ہوئے صارفین کوگوگل سرچ کی مدد سے انگریزی بولنے اورسیکھنے میں فراہم کرے گی۔
ایک بلاگ پوسٹ میں گوگل نے اس حوالے سے وضاحت کی ہے کہ گوگل سرچ کی ایک نئی خصوصیت ابتدائی طور پر ارجنٹینا، کولمبیا، انڈونیشیا، میکسیکو، وینزویلا، بھارت میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اگلے چند دنوں میں متعارف کرارہا ہے۔
یہ فیچر مستقبل قریب میں دیگر ممالک کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ یہ نیا فیچر ان لوگوں کو جو نئی زبان سیکھنا چاہتے ہیں انگریزی میں بولنے کی مشق کرنے کی اجازت دے گا۔
گوگل سرچ کی جانب سے اس فیچر کے تحت صارف کومختلف الفاظ اورجملے بولنے کی مشق کرائی جائے گی۔ اس طرح کی ہر مشق کا دورانیہ 3 سے 5 منٹ تک ہوگا جبکہ صارف کی کارکردگی پر گوگل سرچ بھی اپنی رائے دے گا۔
گوگل کا کہنا ہے کہ انگریزی بولنے کی مشق پر مبنی اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے صارف کسی بھی ایسے لفظ پر کلک کر سکے گا جس کا مطلب اسے سمجھ میں نہیں آرہا۔
روزانہ کی مشق کے لیے یاد دہانی کا آپشن بھی فراہم کیا جائے گا، اس کے علاوہ، سیکھنے کو بتدریج مزید مشکل بنایا جائے گا تاکہ صارف کی انگریزی بولنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوسکے۔