جکارتہ: انڈونیشیا میں صدارتی محل سے منسلک پارک میں گرنیڈ حملے کے نتیجے میں سیکیورٹی پر مامور 2 فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں واقع صدارتی محل میں گھسنے کی کوشش میں ناکامی پر حملہ آور محل سے منسلک پارک میں گرنیڈ پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔
جکارتہ پولیس چیف کا کہنا ہے کہ صدارتی محل سے منسلک پارک سے دھواں اُٹھتے دیکھا تو سیکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں ایک پھٹے ہوئے گرنیڈ کے ٹکڑے اور دو فوجی اہلکاروں کو زخمی پایا گیا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ابھی یہ اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ کیا یہ صدارتی محل پر حملے کی کوشش کی تھی، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ گرنیڈ دھماکے کے وقت صدر جوکو ویدیدو محل میں موجود نہیں تھے۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا میں رواں برس حملے کا یہ تیسرا واقعہ ہے اس سے قبل یونیورسٹی کے 24 سالہ طالبعلم نے خود کو پولیس ہیڈ کوارٹر کے سامنے دھماکے سے اُڑا دیا تھا جب کہ اکتوبر میں سیکیورٹی منسٹر پر تیز دھار چاقو سے حملہ کیا گیا تھا جس میں وزیر شدید زخمی ہوگئے تھے۔