لاہور:
جونیئر ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں مات کھانے والے قومی انڈر 19ٹیم کے ہیڈکوچ اعجاز احمد نے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی، تمام میچز جیتے، سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف بڑا معرکہ تھا،کھلاڑی پریشر میں آگئے، ان کو بہت سمجھایا تھا کہ ایک عام میچ کی طرح کھیلیں لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی رہنمائی کرسکتا ہوں،خود پیڈ باندھ کر نہیں کھیل سکتا، بنگلادیش کیخلاف میچ بارش کی نذرنہ ہوتا تو سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے مقابلہ ہوتا،حیدر اور روحیل نذیر میری توقعات کے مطابق پرفارمنس نہیں دے سکے، ایسا کرکٹ میں ہوجاتا ہے، درست سمت میں گامزن ہے، میری کوچنگ میں ٹیم گزشتہ 6 ماہ میں صرف ایک میچ ہاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ نسیم شاہ کی کمی محسوس ہوئی، خوش ہوں کہ انھوں نے سینئر ٹیم کیلیے اچھا پرفارم کیا، کم عمری میں فلیٹ وکٹ پر ہیٹ ٹرک بہت بڑا اعزاز ہے۔