لاہور:
انڈر19ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں گرین شرٹس کو سری لنکا چیلنج درپیش ہوگا۔یواے ای میں جاری انڈر19ایشیاکپ کے گروپ ’’اے‘‘ میں شامل پاکستان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی،آئی سی سی اکیڈمی میں جمعرات کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں ٹیم کا سری لنکا سے مقابلہ ہوگا، بیٹرز کی کارکردگی میں تسلسل دیکھنے میں نہیں آیا، بہرحال اہم مواقع پر کسی نہ کسی نے توقعات کا بوجھ اٹھاتے ہوئے مشکل صورتحال میں سے نکلنے میں مدد دی ہے۔
اچھے آغاز کیلیے گرین شرٹس کی امیدوں کا محور عبدالواحد بنگلزئی اور معاذ صداقت ہوں گے، محمد شہزاد، کپتان قاسم اکرم اور وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ خان بڑی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،احمد خان نے ثابت کیا ہے کہ وہ بغیر کسی دباؤ کا شکار ہوئے میچ وننگ اننگز کھیل سکتے ہیں۔
کپتان قاسم اکرم کے ساتھ احمد خان، محمد شہزاد اور معاذ صداقت بولنگ میں بھی کارآمد ثابت ہونے کے اہل ہیں،محمد ذیشان اور مہران ممتاز بھی اچھی فارم میں ہیں۔
دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے ٹاپ 4 بیٹسمین چمندا وکرما سنگھا، شیون ڈینئیل، سدیشا راجا پکسا اور کپتان ولالیگ زبردست فارم میں ہیں۔
پاکستانی بولرز کو ابتدا میں ہی ان کی جارحیت کو لگام دینا ہوگی،آل راؤنڈرز سمیت آئی لینڈرز کو 7بولرز دستیاب ہیں،گذشتہ 5باہمی مقابلوں میں 3گرین شرٹس، 2 سری لنکا نے جیتے، یواے ای کی کنڈیشنز میں اسپنرز گرین شرٹس کیلیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔
شارجہ میں شیڈول دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کا بنگلادیش سے مقابلہ ہوگا،بلو شرٹس کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے لیکن ٹائیگرز کسی بھی حریف کو حیران کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔