انٹربینک میں ڈالر 1.20 روپے اضافے سے 173.05 روپے کا ہوگیا

انٹربینک میں ڈالر 1.20 روپے اضافے سے 173.05 روپے کا ہوگیا


انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ جاری ہے اور ڈالر انٹر بینک مارکیٹ میں 1.20 روپے اضافے سے 173.05 روپے کا ہوگیا ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے اضافے کے بعد 175.25 روپے کا ہوگیا۔

مارکیت پر نظر رکھنے والے ایلفا بیٹا کور کے چیف ایگزیکٹو خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف ڈیل میں تاخیر سے ڈالر دوبارہ بڑھنا شروع ہوا ہے آج مارکیٹ میں جو زیادہ دباؤ آیا ہے اس کی ایک وجہ وزیر اعظم کی سپریم کورٹ میں طلبی بھی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال بھی روپے پر دباؤ بڑھا رہی ہے۔

ان کے نزدیک خام تیل کی قیمتیں بڑھنے سے بھی درآمدی بل بڑھے گا جس کے اثرات روپے پر دباؤ بڑھائیں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ منظور ہونے کے بعد روپے کی قدر میں تیزی سے بہتری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’فی الوقت روپے پر دباؤ ہی نظر آرہا ہے، اسٹیٹ بینک مداخلت کرے تو بھی روپے کی قدر میں استحکام آسکتا ہے‘۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر 1.15 روپے کے اضافے کے ساتھ 171.85 روپے پر آگیا تھا جبکہ اس سے ایک روز قبل ڈالر 170.7 روپے کا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ مہینے 26 اکتوبر کو ڈالر تاریخی سطح 175 روپے تک پہپنچ گیا تھا۔

بعدازاں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے فارن ایکسچینج فرم سے منسلک غیر قانونی طور پر افغانستان کو ڈالر بھیجنے والے 8 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

ایف آئی اے کراچی ڈائیریکٹر نے دعویٰ کیا تھا کہ فارن ایکسچینج کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی وجہ سے دو ہفتوں کے دوران ڈالر کی قدر میں کمی آئی ہے ڈالر 174 سے 171 کی سطح پر آگیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ ایف آئی اے نے ڈالر مہنگا کرنے کے الزام میں 88 افراد کو حراست میں لے لیا، زیر حراست افراد ڈالر ذخیرہ کرنے اور اسے اسمگلنگ کرنے میں ملوث تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں