معروف ڈاراما نگار، مزاحیہ تنقید نگار اور مصنف انور مقصود نے 7 جون کو ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وضاحت کی تھی کہ سوشل میڈیا سائٹس پر ان کا کوئی اکاؤنٹ نہیں۔
ڈراما نگار کی ویڈیو صدر پاکستان عارف علوی کے فرزند ڈاکٹر عواب علوی نے شیئر کی تھی، جس میں وہ واضح کرتے دکھائی دیے کہ ان کا ٹوئٹر اور فیس بک پر کوئی اکاؤنٹ نہیں۔
انور مقصود کی جانب سے مذکورہ وضاحت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی تھی جب کہ سوشل میڈیا پر ان کے نام سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کچھ سیاستدانوں اور وزرا پر تنقید کی پوسٹس وائرل ہوئی تھیں۔
دیکھا گیا ہے کہ ٹوئٹر و فیس بک پرایسے متعدد اکاؤنٹس ہیں جن پر نہ صرف انور مقصود کی تصاویر شیئر کی جاتی ہیں بلکہ وہ اکاؤنٹس ان کے نام سے بنے ہوئے ہیں۔
تاہم 7 جون کو انہوں نے وضاحت کی تھی کہ ان کے پاس اسمارٹ موبائل تک نہیں اور انہیں سادہ نوکیا کے موبائل پر میسیج تک کرنے نہیں آتا۔
انور مقصود نے واضح کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر ان کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ان کے نام سے جعلی اکاؤنٹس بنانے والوں کو بھی اپیل کی تھی کہ ان کے نام سے جعلی اکاؤنٹس بنانا بند کیے جائیں۔
تاہم اب ان کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں وہ بتاتے نظر آتے ہیں کہ بلآخر انہوں نے جعلی اکاؤنٹس سے تنگ آکر اپنا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ بنالیا۔
انور مقصود کی مذکورہ مختصر ویڈیو ان کے نام سے بنائے گئے نئے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی گئی۔
ان کے نام سے 7 جون کی شام کو ہی بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو دیکھتے ہی دیکھتے 20 ہزار سے زائد افراد نے فالو کرلیا جب کہ انہوں نے صرف ایک ہی اکاؤنٹ اسٹرنگز کو فالو کیا۔
مزید پڑھیں: اس سے بدترین وقت کبھی نہیں دیکھا، انور مقصود
اسٹرنگز کنسرٹ اور تھیٹر بکنگ کمپنی ہے اور اسی کمپنی کے تحت انور مقصود کے تھیٹرز بھی پیش کیے جاتے رہے ہیں۔
انور مقصود نے مختصر ویڈیو میں بتایا کہ انہوں نے مجبورا اپنا افیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کھول لیا۔
تاہم ان کی ویڈیو پر کمنٹس کرنے والے کچھ افراد نے بتایا کہ انور مقصود کی یہی ویڈیو دوسرے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر بھی چل رہی ہے، ایسے میں کیسے سمجھا جائے کہ ان کا اصلی اکاؤنٹ کون سا ہے؟
تاہم انور مقصود کے مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹس پر نامور شخصیات نے بھی کمنٹس کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا جب کہ ان کے اسی اکاؤنٹ کو نامور شخصیات نے بھی فالو کیا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹ ہی ان کا اصلی اکاؤنٹ ہے، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔