انوراگ کشیپ کا کورونا متاثرین کیلئے اپنا ایوارڈ نیلام کرنے کا اعلان


بھارتی فلم ساز انوراگ کشیپ، لکھاری ورن گروور اور کامیڈین کنال کمرا نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے منفرد انداز میں عطیہ جمع کرنے کا اعلان کردیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یہ تینوں اپنے ایوارڈز کی نیلامی کا اعلان کرچکے ہیں، جس سے ملنے والے پیسوں کو وہ کورونا متاثرین کو عطیہ کریں گے۔

اس مہم کے ذریعے ان کا مقصد ہے کہ اگلے 30 روز میں 13 لاکھ 44 ہزار بھارتی روپے جمع کیے جاسکیں، جن کے بعد ایک ہزار افراد کے کورونا ٹیسٹ کرنے والی کٹس فروخت کی جائیں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انوراگ کشیپ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ جو بھی سب سے زیادہ بولی لگائے گا اسے وہ اپنا فلم فیئر ایوارڈ دیں گے جو انہوں نے 2013 میں اپنی کامیاب فلم ’گینگ آف وسع پور‘ کے لیے حاصل کیا تھا۔

دوسری جانب ورن گروور نے کامیاب گانے ’موہ موہ کے دھاگے‘ کے بول لکھنے پر 2015 میں ٹائمز آف انڈیا فلم ایوارڈ حاصل کیا تھا، جسے وہ کورونا متاثرین کے لیے نیلام کررہے ہیں۔

کامیڈین کنال کمرا کے مطابق انہیں یوٹیوب بٹونا کریئٹر ایوارڈ ملا تھا، جسے وہ نیلام کررہے ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اس مشکل وقت میں سب کو آگے بڑھ کر ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے تاکہ کورونا کے خلاف یہ جنگ جیتی جاسکے۔

رپورٹس کے مطابق اس رقم سے خریدی جانے والی ٹیسٹ کٹس سیدھی ہسپتالوں اور لیبس میں منتقل کی جائیں گی۔

ان کٹس سے ہزار افراد کا مفت کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں