بالی ووڈ کی اُبھرتی اداکارہ اننیا پانڈے اور ہیرو ادیتیا رائے کپور آج کل ڈیٹنگ میں مصروف ہیں، اس جوڑی سے متعلق متعدد افواہیں زیرِ گردش ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اننیا پانڈے اور ادیتیا رائے کپور کے درمیان نزدیکیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔
اننیا پانڈے اور ادیتیا رائے کپور کے درمیان بننے والے نئے رشتے سے متعلق افواہیں سرخیاں بن رہی ہیں جن سے اِن کے مداح خوش اور اننیا کی والدہ پریشان نظر آ رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا ’انسائیڈر‘ کے مطابق اننیا کا خاندان، خاص طور پر ان کی والدہ بھاونا پانڈے، بیٹی کی ذاتی زندگی پر مسلسل میڈیا کی توجہ اور دلچسپی پر پریشان اور نالاں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اننیا پانڈے کی والدہ چاہتی ہیں کہ اُن کی بیٹی افیئرز میں ملوث ہونے کے بجائے اپنے کیریئر پر دھیان دے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اننیا پانڈے کی والدہ بھوانا اپنی بیٹی کے کیریئر کے بارے میں ناقابل یقین حد تک پرجوش رہی ہیں اور اُنہوں نے اننیا کو اپنے خوابوں کے حصول میں مدد کے لیے اہم کوششیں بھی کی ہیں، اننیا پانڈے کی والدہ چاہتی ہیں کہ اننیا کی ذاتی زندگی یا افیئرز سے زیادہ اُنہیں مداح اُن کے کام اور پیشہ ورانہ کامیابیوں سے جانیں۔
دوسری جانب جہاں تک اننیا اور ادیتیا کا تعلق ہے، وہ آج کل کھلے عام ڈیٹنگ کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کی کمپنی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اننیا اور ادیتیا نے ابھی تک اپنے رشتے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے مگر یہ جوڑی حال ہی میں فلم ’باربی‘ دیکھنے بھی ایک ساتھ گئی تھی۔
پیشہ ورانہ محاذ پر اننیا پانڈے ’ڈریم گرل 2‘ میں اپنے کردار کے لیے تیاری کر رہی ہیں، اس فلم میں وہ ایوشمان کھرانہ کے ساتھ نظر آئیں گی۔