انفینکس کا ’12نوٹ آئی‘ متعارف

انفینکس کا ’12نوٹ آئی‘ متعارف


چینی موبائل کمپنی انفینکس نے اپنا رات کے اوقات میں بہترین کیمرا رزلٹ دینے والا اب تک کا سب سے بہترین مڈ رینج فون متعارف کرادیا۔

چینی کمپنی نے ’نوٹ 12 آئی‘ کو ابتدائی طور پر رواں برس مئی میں ’نوٹ 12‘ کے نام سے افریقہ میں متعارف کرایا تھا، جسے اپ مزید اپڈیٹس کے ساتھ ’نوٹ 12 آئی 2022‘ کے نام سے دنیا بھر میں پیش کردیا گیا، تاہم بعض ممالک میں فوری طور پر فون دستیاب نہیں ہوگا۔

’نوٹ 12 آئی‘ کو 7۔6 انچ فل ایچ ڈی اسکرین امیولیڈ ڈسپلے کے ساتھ ہیلیو جی 85 ایس او سی کی چپ کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

اینڈرائڈ 12 کے آپریٹنگ سسٹم کے حامل موبائل کو 4 اور 6 جی بی ریم کے دو مختلف ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے اور اس میں 64 سے 128 جی بی میموری دی گئی ہے، تاہم صارفین اضافی کارڈ کے ساتھ اس کی میموری بڑھا بھی سکتے ہیں۔

’نوٹ 12 آئی‘ کے بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جب کہ باقی 2 اور 4 میگا پکسل کے میکرو سینسر کیمرا ہیں۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ موبائل کے کیمرا کی ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کیا گیا ہے، جس سے اب صارفین رات کو کم روشنی کے دوران بھی فوٹو اور ویڈیو گرافی کر سکیں گے۔

فون کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور اس کی ٹیکنالوجی کو بھی اپگریڈ کردیا گیا ہے۔

’نوٹ 12 آئی‘ کو 5000 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری جب کہ 33 واٹ کے فاسٹ چارجر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

فون کی ابتدائی قیمت پاکستانی 32 ہزار روپے سے زائد رکھی گئی ہے اور ماڈیولز کے حساب سے اس کی قیمت میں 10 ہزار روپے تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

فون کو عالمی مارکیٹس میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، تاہم فوری طور پر ’نوٹ 12 آئی‘ پاکستان سمیت متعدد ممالک میں دستیاب نہیں ہوگا، تاہم چند ہفتوں میں یہ ہر جگہ دستیاب ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں