انفینکس نے اپنے مقبول نوٹ اسمارٹ فونز سیریز کے 2 نئے فون متعارف کرا دیئے ہیں۔
انفینکس نوٹ 11 اور نوٹ 11 پرو کو کمپنی کی جانب سے پیش کیا گیا تاہم ابھی اس کی دستیابی کی تاریخ اور ممالک کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
نوٹ 10 کو 2021 کے شروع میں ہی متعارف کرایا گیا تھا مگر نوٹ 11 سیریز کے نئے فونز میں ہر پہلو سے اپ ڈیٹس کی گئی ہیں۔
دونوں فونز میں میڈیا ٹیک کا نیا ہیلیو جی 96 فور جی پراسیسر دیا گیا ہے اور یہ پراسیسر گیمنگ سے منسلک کیا گیا ہے۔
دونوں فونز میں 6.95 انچ کا بہت بڑا آئی پی ایس ڈسپلے ہے جو ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ کرتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ابھی نوٹ 11 کے بارے میں کافی تفصیلات بتائی نہیں گئیں مگر اس کے بیک پر 50 میگا پکسل اور 2 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمروں پر مشتمل ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہوگا۔
اسی طرح ڈیوائس میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہوگی جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ایکس او ایس 10 سے کیا جائے گا۔
فون میں ایکسٹینڈ ریم، ڈوئل اسپیکرز جیسے فیچرز بھی ہوں گے۔
اس کے مقابلے میں نوٹ 11 پرو میں بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا جس کا مین کیمرا 64 میگا پکسل ہوگا جبکہ 13 میگا پکسل اور 2 میگا پکسل کیمرے ہوں گے۔
فون کے فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں چھپا ہوا ہوگا۔
ڈیوائس میں 4، 6 اور 8 جی بی ریم جبکہ 128 جی بی تک اسٹوریج ہوگی اور ورچوئل ریم سپورٹ سے ریم کی گنجائش 11 جی بی تک بڑھ جائے گی۔
اس فون میں بھی 5000 ایم اے ایچ بیٹری 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہوگی۔
انفینکس نوٹ 11 کی قیمت ابھی معلوم نہیں مگر نوٹ 11 پرو کی قیمت 249 ڈالرز (42 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔