انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت نوجوانوں کو وہ مواقع میسر ہیں جو پہلے کبھی نہ تھے، وزیر اعظم

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت نوجوانوں کو وہ مواقع میسر ہیں جو پہلے کبھی نہ تھے، وزیر اعظم


وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وجہ سے نوجوانوں کو آج وہ مواقع میسر ہیں جو پہلے کبھی نہ تھے اور لوگ اس طرح سے پہلے کبھی اوپر نہیں آئے۔

ڈیجیٹل میڈیا ڈیولپمنٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو آج مواقع میسر ہیں، پاکستان کی تاریخ میں لوگ اس طرح سے اوپر نہیں آئے، نیا آئیڈیا ہے جو بکتا ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وجہ سے نوجوانوں کو کبھی بھی اس طرح کے مواقع میسر نہ تھے جو آج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لیے ضروری ہے کہ آپ ایک ایسا آزاد ذہن رکھیں جو ہر وقت آگے سے آگے بڑھنے کا سوچ رہا ہو، مجھے سے کہیں زیادہ باصلاحیت کھلاڑی موجود تھے لیکن میں ان سے آگے اس لیے پہنچا کیونکہ میں اپنے اہداف مقرر کرتا تھا کہ میں پاکستان کا سب سے بہتر آل راونڈر بننا چاہتا تھا اور پھر دنیا کا سب سے بہترین آل راؤنڈر بننے کا ہدف مقرر کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو نہیں معلوم کہ اللہ نے آپ کو کتنی صلاحیتیں دی ہیں اور یاد رکھیں کہ آپ جتنا بڑا سوچیں گے، آپ اتنا ہی آگے بڑھیں گے اور آپ کو اتنا ہی ملے گا جتنی آپ محنت اور جدوجہد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کے نظریے کو فروغ دیں، جن مسلمانوں نے ہندوستان میں رہ جانا تھا انہوں نے بھی پاکستان کے لیے ووٹ دیا تھا کیونکہ نظریہ پاکستان یہ تھا کہ ہم ایک ملک بنائیں گے جو مثالی اسلامی ریاست بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ مثالی ریاست وہ ہوتی ہے جو خوددار ہو، جس میں انسانیت اور انصاف ہو، خوددار اسلامی ریاست کسی کے آگے نہیں جھکتی، پہلے ہم دنیا کی بڑی طاقتوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیتے تھے لیکن اب ہمارا خودداری کا جو مقصد ہے تو ہم ایسا نہیں کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پختونخوا میں ہر خاندان کے پاس ہیلتھ انشورنس آ گئی ہے، ایک غریب گھرانہ کسی بھی ہسپتال میں 10لاکھ روپے کا علاج کرا سکتا ہے، ترقیاتی ملکوں میں بھی سب کو یکساں ہیلتھ انشورنس کی فراہمی نہیں ہے، ابھی ہمارے پاس بھی اتنے وسائل نہیں ہیں لیکن ہم اس سفر پر نکل گئے ہیں کہ ہم اپنے ملک کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں جس میں ہم زندگی کی ریس میں پیچھے رہ جانے والے کمزور کا معیار زندگی بلند کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلاحی ریاست میں تیسری سب سے اہم چیز انصاف ہے، جس معاشرے میں قانون کی عملداری نہ ہو، وہ ترقی نہیں کر سکتا اور اب پاکستان کا سفر اس طرف شروع ہو گیا ہے جس میں پہلے میرٹ کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں انصاف ہوتا ہے تو میرٹ ہوتا ہے، عمران خان کے دوست، کزن، رشتے دار بڑے عہدوں پر نہیں ہیں کیونکہ یہاں میرٹ ہے اور اس کے بھی بہت اثرات مرتب ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قانون کی عملداری سب سے اہم ہے تاکہ طاقتور کو قانون کے دائرے میں لایا جائے، پچھلے تین سالوں سے ہماری حکومت سے سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے کہ ہم طاقتور سے کہہ رہے ہیں کہ تم بھی جوابدہ ہو اور اگر آپ نے چوری کی ہے تو آپ کا احتساب ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جس قوم میں خودداری نہ ہو اور جو امداد اور بھیک مانگے، وہ کبھی ترقی نہیں کرتی۔


اپنا تبصرہ لکھیں