انضمام الحق نے جاوید میانداد کو بیٹسمینوں کا ہیرو قرار دیدیا


کراچی: سابق کپتان انضمام الحق نے جاوید میانداد کو تمام بیٹسمینوں کا ہیرو قرار دے دیا۔

انضمام الحق نے سابق کپتان اور عظیم بیٹسمین جاوید میانداد کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میانداد کسی بھی عمر میں بیٹنگ سے نہیں گھبراتے تھے، اگر آپ انھیں آج کھیلنے کاکہیں تو تیار ہوجائیں گے، ایک بار نیوزی لینڈ کے ٹور میں وہ کوچ اور میں کپتان تھا، انجریز کی وجہ سے ہمیں بیٹسمینوں کی کمی کا سامنا ہوا، فوری طور پر متبادل کا بھی بندوبست نہیں ہوسکتا تھا، اتنے میں جاوید میانداد نے کہا کہ ایک بیٹسمین تیار ہے، میں نے پوچھا کون تو انھوں نے کہا کہ میں خود، میں نے کہا کہ آپ نے کنڈیشنز دیکھی ہیں اور آپ کو تو کھیلے ہوئے عرصہ ہوچکا مگر انھوں نے کہا کہ فکر نہ کرو میں کھیل لوں گا، میں نے کہا کہ پہلے نیٹ میں بیٹنگ کریں اور وہ اس پر تیار ہوگئے، انھیں ہمیشہ اپنی بیٹنگ پر اعتماد رہا۔

انضمام نے کہا کہ میں ایک ایسے پلیئر کے بارے میں بات کررہا ہوں  جو ہمارے دور میں تمام بیٹسمینوں کا ہیرو تھا، میں سمجھتا ہوں کہ وہ پاکستان کی جانب سے سامنے آنے والے سب سے عظیم ترین بیٹسمین تھے، ایک بار مجھے مشتاق محمد نے بتایا کہ جب وہ آسٹریلیا کے ٹور پر گئے تو میانداد نوجوان تھے، ہر کوئی ٹاپ پر بیٹنگ سے گھبراتا تھا مگر وہ ہمیشہ ہی اوپر کے نمبرز پر کھیلنے کو بے چین رہتے، میانداد بے خوف ہوکر کھیلتے، وہ دنیا کے بہترین بولرز سے فقرے بازی کرتے اور اپنی اننگز کے دوران ظاہر ہی نہیں ہونے دیتے تھے کہ کتنی مشکل صورتحال میں بیٹنگ کررہے ہیں۔

انضمام نے مزید کہا کہ میانداد نے کبھی تکنیک پر بات نہیں کی، وہ بطور کوچ ہمیشہ بیٹسمینوں کو رنز بنانے کے طریقے بتاتے، ویسے بھی دنیا کے تمام عظیم بیٹسمینوں کورنز کرنے کی ہی زیادہ فکر ہوتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں