انس حقانی سمیت 3 رہنماؤں کے بدلے افغان طالبان نے دو غیرملکی رہا کردیے


افغان طالبان کی قید میں موجود دو غیر ملکیوں کو رہا کردیا گیا، امریکی یونیورسٹی کے پروفیسرز کو امریکی ہیلی کاپٹر کے ذریعے زابل سے روانہ کیا گیا۔

امریکی پروفیسرز کی رہائی کے بدلے طالبان کے 3 رہنماؤں کو رہا کیا گیا ہے۔

افغان طالبان کا کہنا ہے کہ انہوں نے یرغمال بنائے گئے دو غیر ملکیوں کو رہا کردیا ہے، ان دونوں غیر ملکیوں کو 2016 میں کابل میں اغواء کیا گیا تھا۔

انس حقانی کی 2014 میں لی گئی ایک تصویر — فوٹو: رائٹرز

مقامی پولیس ذرائع کے مطابق آج صبح دس بجے امریکی یونیورسٹی کے دونوں پروفیسرز کو صوبے زابل سے رہا کیا گیا جو امریکی ہیلی کاپٹروں میں زابل سے روانہ ہوئے۔

رہائی پانے والوں میں امریکا کے کیون کنگ اور آسٹریلیا کے ٹیموتھی ویکس شامل ہیں۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے رہائی پر ابھی کوئی ردعمل نہیں آیا۔

دوسری جانب گزشتہ شام افغانستان کی بگرام جیل سے رہا کیے گئے طالبان کے تین رہنما انس حقانی، حاجی مالی خان اور حافظ راشد بھی قطر پہنچ گئے ہیں۔

افغان صدر اشرف غنی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ ایک مشکل لیکن اہم فیصلہ تھا اور اسے حکومت کی طرف سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اٹھایا گیا اقدام سمجھا جائے۔

افغان حکام پرامید ہیں کہ اس اقدام کے بعد طالبان کے ساتھ امن مذاکرات دوبارہ شروع ہوسکیں گے جبکہ کابل میں انس حقانی و دیگر طالبان رہنماؤں کی رہائی کیخلاف احتجاج بھی کیا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں