پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار زاہد احمد فلسطینیوں کے حق میں کی گئی اپنی پوسٹ انسٹاگرام کی جانب سے ڈیلیٹ کرنے پر سوشل میڈیا ایپ کی انتظامیہ پر برہم ہوگئے۔
زاہد احمد نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک مختصر نوٹ شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انسٹاگرام کی جانب سے ان کی پروفائل سے فلسطین کے حق میں کی گئی ایک پوسٹ ڈیلیٹ کر دی گئی ہے۔
اُنہوں نے اپنے مختصر نوٹ میں لکھا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میرے ساتھ بھی ایسا ہوگا، انسٹاگرام نے میری ایک حالیہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی ہے، جس میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو، برطانوی وزیراعظم رشی سنک اور امریکی صدر جوبائیڈن کو اصل دہشتگرد کہا گیا تھا۔
زاہد احمد نے اپنے مختصر نوٹ میں انسٹاگرام کی انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے قیامت کے روز آپ کو جہنم میں جلتا دیکھ کر بہت اچھا لگے گا۔
یاد رہے کہ زاہد احمد نے فلسطین کے حق میں جو پوسٹ شیئر کی تھی اس میں طالبان کی تصویر کا موازنہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو، برطانوی وزیراعظم رشی سنک اور امریکی صدر جوبائیڈن کی تصاویر کے ساتھ کیا گیا تھا۔
اس پوسٹ میں شیئر کی گئی تصاویر کے کیپشن میں لکھا تھا کہ’ہمیں یہ یقین دلا کر گمراہ کیا گیا کہ طالبان دہشت گرد ہیں لیکن اب پوری دنیا اصل دہشتگردوں کے چہرے بخوبی پہچان گئی ہے‘۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری نسل کشی میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 18ہزار 900 تک جا پہنچی ہے جبکہ زخمی فلسطینیوں کی تعداد 55 ہزار سے بھی بڑھ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں سے جھڑپوں کے دوران 1 اور اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا، ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی مجموعی تعداد 116 ہو گئی ہے۔