فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے 3 دن قبل اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے ان کی والد سے متعلق کی گئی ایک پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔
سپر ماڈل نے اپنی اسٹوری میں انسٹاگرام کی جانب سے پوسٹ ہٹائے جانے کے بعد بھیجے گئے پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے سوشل شیئرنگ ایپ کے اقدام پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔
فیشن میگزین ایلے کے مطابق انسٹاگرام نے بیلا حدید کی جانب سے 7 جولائی کو اسٹوری پر شیئر کیے گئے والد کے پرانے پاسپورٹ کی پوسٹ کو ہٹادیا تھا۔
ماڈل کی جانب سے والد کے شیئر کیے گئے پاسپورٹ میں ان کے والد محمد حدید کی جائے پیدائش پر واضح طور پر فلسطین لکھا ہوا تھا۔
انسٹاگرام کی جانب سے والد کے پاسپورٹ کی پوسٹ ہٹائے جانے کے بعد ماڈل نے سوشل شیئرنگ ایپ سے سوال کیا تھا کہ ان کی ہٹائی گئی پوسٹ میں کسی کو دھمکانے، ڈرانے یا کسی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے سے متعلق مواد تھا؟
انہوں نے اپنی اسٹوری میں انسٹاگرام کی جانب سے بھیجے گئے کمیونٹی رولز کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن کی جانب سے ہدایات تھیں کہ نفرت انگیز گفتگو، کسی کو دھمکانے یا ڈرامے سمیت کسی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے یا عریانیت پر مبنی پوسٹ کو شائع کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
ماڈل نے انسٹاگرام کے کمیونٹی میسیج کو شیئر کرتے ہوئے سوشل شیئرنگ ایپ پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے ان کے والد سے متعلق کی گئی پوسٹ کو ہٹا کر ان کے ساتھ ناانصافی کی۔
بیلا حدید نے انسٹاگرام کی جانب سے پوسٹ ہٹائے جانے کے بعد اپنے مداحوں کو اپیل کی کہ وہ سب اپنے والدین سے متعلق پوسٹس شیئر کریں اور شیئرنگ ایپلی کیشن کو بتائیں کہ ان کے والدین کا تعلق کہاں سے ہے؟
بیلا حدید کی اپیل کے بعد ان کے والد، بہن ماڈل جی جی حدید اور خاندان کے دیگر افراد نے بھی محمد حدید کے پاسپورٹ کی تصویر شیئر کی تھی اور دیگر افراد نے بھی انسٹاگرام کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ماڈل اور دیگر افراد کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد انسٹاگرام نے بیلا حدید سے پوسٹ کو ڈیلیٹ کرنے پر معذرت کرتے ہوئے ان کی پوسٹ بحال کردی۔
شوبز ویب سائٹ پیج سکس سے بات کرتے ہوئے انسٹاگرام کے نمائندے نے تصدیق کی کہ بیلا حدید کی پوسٹ کو ہٹایا گیا تھا۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ بیلا حدید کی پوسٹ کو اس لیے ہٹایا گیا تھا کیوں کہ انہوں نے والد کے پاسپورٹ کی تصویر شیئر کی تھی اور انسٹاگرام کسی طرح کی ذاتی معلومات شیئر کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
ترجمان کے مطابق انسٹاگرام پاسپورٹ نمبر سمیت دیگر ذاتی معلومات شیئر کرنے کی اجازت نہیں دیتا تاہم بیلا حدید کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں پاسپورٹ نمبر کو چھپا دیا گیا تھا اور ایپلی کیشن نے غلطی سے ان کی پوسٹ ڈیلیٹ کردی، جس پر اداکارہ ماڈل سے معذرت خواہ ہے۔