انسٹاگرام نے ٹک ٹاک کو ٹکر دینے کے لیے کچھ عرصے قبل مختصر ویڈیوز کا ایک سیشن ریلز کے نام سے متعارف کرایا تھا۔
اب کمپنی نے ان ویڈیوز کے دورانیے کو ایک منٹ تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے جو پہلے 30 سیکنڈ تک محدود ہوتی تھیں۔
فیس بک کی زیر ملکیت ویڈیو شیئرنگ ایپ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس تبدیلی کا اعلان کیا۔
انسٹاگرام کی جانب سے ریلز میں کیپشن اسٹیکرز کا بھی اضافہ کیا جارہا ہے جو آڈیو کو ٹیکسٹ پر مبنی کیپشنز میں بدل دیں گے۔
اس طرح صارفین ریلز کی ویڈیو کو بغیر آواز کے بھی دیکھ سکیں گے۔
یہ نیا فیچر چند انگلش بونے والے ممالک میں ہی دستیاب ہوگا تاہم انسٹاگرام کی جانب سے جلد دیگر زبانوں اور ممالک میں بھی اسے متعارف کرایا جائے گا۔
انسٹاگرام کی جانب ریلز کی ویڈیوز کے دورانیے میں اضافہ اس وقت کیا گیا ہے جب جولائی 2021 میں ٹک ٹاک نے اپنی ویڈنوز کے دورانیے کو ایک منٹ سے بڑھا کر 3 منٹ تک کردیا تھا۔
انسٹاگرام میں نئی تبدیلی ان ٹک ٹاک صارفین کے لیے بھی خوش آئند ثابت ہوگی جو اپنی طویل ٹک ٹاک ویڈیوز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر پوسٹ کرنے کے خواہشمند ہوں گے۔
انسٹاگرام ریلز میں آغاز میں 15 سیکنڈ طویل ویڈیوز ہی پوسٹ کی جاسکتی تھیں تاہم ستمبر 2020 میں اس دورانیے کو 30 سیکنڈ تک بڑھا دیا گیا تھا۔
اس تبدیلی کا مقصد کریٹیرز کو مواد کی تیاری کے لیے زیادہ آزادی فراہم کرنا تھا۔
ستمبر 2020 میں ٹائمز کا وقت بھی بڑھا کر 10 سیکنڈ کردیا گیا تھا تھا۔
اسی طرح صارفین کسی ویڈیو سے کلپ کو کٹ کرسکتے ہیں یا ڈیلیٹ کرسکتے ہیں، جس سے کسی ویڈیو کو بہتر بنانے میں زیادہ مدد مل سکے گی۔
مگر ریلز میں ابھی تک کوئی ایسا اضافہ نہیں کیا گیا جو اسے ٹک ٹاک سے منفرد بنا سکے۔
خیال رہے کہ انسٹاگرام نے ٹک ٹاک کی نقل پر مبنی ریلز کو دنیا بھر میں اگست 2020 متعارف کرایا تھا جبکہ یوٹیوب کی جانب سے بھی اسی طرح کا نیا اضافہ شارٹس کی شکل میں کیا گیا۔