انسولین سے مچھروں کو بے ضرر بنایا جانا ممکن


واشنگٹن: ’’ایک مچھر آدمی کو ہیجڑا بنادیتا ہے!‘‘ لیکن سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ انسانی جسم میں بننے والی انسولین استعمال کرتے ہوئے مچھر کو بے ضرر بنایا جاسکتا ہے، وہ بھی اس طرح کہ یہ بیماری کی وجہ بننے والے وائرسوں اور طفیلیوں (پیراسائٹس) کو اپنے جسم میں پلنے ہی نہ دے۔

واضح رہے کہ مچھر درجنوں بیماریوں کی وجہ بنتا ہے جن سے ہر سال لاکھوں لوگ ہلاک ہوجاتے ہیں۔ اگر ہم ان امراض کی بنیاد کا جائزہ لیں تو معلوم ہوگا کہ مچھر پہلے خود ہی بیماری پھیلانے والے کسی وائرس یا طفیلیے (پیراسائٹ) سے متاثر ہوتا ہے، جسے اپنے اندر پروان چڑھا کر انسانوں میں منتقل کردیتا ہے۔ نتیجتاً انسانوں میں مختلف بیماریاں پھیلتی ہیں جو اکثر اوقات وبائی شکل اختیار کرکے ہمارے قابو سے باہر بھی ہوجاتی ہیں۔

ریسرچ جرنل ’’سیل رپورٹس‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی میں طبّی ماہرین کی ایک ٹیم نے دریافت کیا ہے کہ اگر مچھروں کے جسم میں انسانی انسولین موجود ہو تو ان میں زیکا وائرس اور ویسٹ نائل وائرس کے خلاف مزاحمت پیدا ہوجاتی ہے اور وہ اپنے اندر ان وائرسوں کی تعداد بڑھنے نہیں دیتے۔

یہ تحقیق لارا ایلرز اور ان کے ساتھیوں نے انجام دی ہے جس کی نگرانی واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی میں وائرولوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ایلن گڈمین کررہے تھے۔

کیونکہ مچھر اور عام گھریلو مکھی کا اندرونی دفاعی نظام (امیون سسٹم) ایک جیسے ہوتے ہیں، اس لیے پہلے مکھیوں کی غذا میں انسولین کی مقدار بڑھایا گیا۔ معلوم ہوا کہ ایسا کرنے پر مکھیوں میں ویسٹ نائل وائرس اور زیکا وائرس کے خلاف، اندرونی دفاعی نظام کا ایک خاص حصہ سرگرم ہوگیا جس نے ان دونوں وائرسوں کی تعداد بڑھنے نہیں دی۔

پھر یہی تجربہ مچھروں پر دہرایا گیا، جس میں انہیں زیادہ انسولین والا انسانی خون بطور غذا دیا گیا۔ بعد ازاں جب ان مچھروں کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ مکھیوں کی طرح ان مچھروں میں بھی ویسا ہی مکینزم حرکت میں آگیا تھا جس نے زیکا اور ویسٹ نائل وائرس کی بڑھوتری روک دی تھی۔

مچھر سے پھیلنے والی کئی بیماریاں آپس میں ملتے جلتے وائرسوں کی وجہ سے پیدا ہوتی ہیں، جس سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ زیکا اور ویسٹ نائل وائرس کے علاوہ ڈینگی اور اسی قسم کی دیگر بیماریوں کی روک تھام کے لیے بھی مچھروں کے جسموں میں انسولین کی مقدار بڑھا کر جنگ جیتی جاسکتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں