انجینئرز کی ہلاکت، چین کا پاکستان سے ذمے داران کو سخت سزا دینے کا مطالبہ

انجینئرز کی ہلاکت، چین کا پاکستان سے ذمے داران کو سخت سزا دینے کا مطالبہ


چین نے خودکش حملے میں چینی انجینئرزکی ہلاکت کے بعد پاکستان سے حملے کی جلد از جلد مکمل تحقیقات کر کے ذمے داروں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران داسو بم حملے کے حوالے سے سوال پر ترجمان وینگ وین بن نے جواب دیا کہ مقامی 26 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق 1 بجے کے قریب صوبہ خیبرپختونخوا میں چینی کمپنی کی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی گاڑی پر دہشت گرد حملے میں پانچ چینی اور ایک پاکستانی شہری ہلاک ہو گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ چین اس دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، ہم حملے جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ چین، پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس واقعے کی جلد از جلد مکمل تحقیقات کرے اور ذمے داروں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے موثر اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی سفارتخانے نے پاکستان میں چینی شہریوں اور کاروباری اداروں کو مقامی سیکیورٹی کی صورتحال پر باریک بینی سے نظر رکھتے ہوئے اضافی حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے اور دہشت گرد حملوں سے بچاؤ کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے سوگوار خاندانوں اور چینی حکومت سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے کے لیے پاکستان میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار اور آہنی بھائی ہیں اور پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ریجنل پولیس چیف محمد علی گنڈاپور نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینئرز کے قافلے سے ٹکرا دی جو اسلام آباد سے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے داسو میں اپنے کیمپ کی جانب جا رہے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں