انجیر کے حیرت انگیز صحت بخش فوائد


لاہور:  گلف ممالک میں رمضان المبارک میں مشہور ڈش “الخشاف” استعمال کی جاتی ہے۔ خشک میوہ جات سے تیار ہونے والی ڈش میں انجیر مرکزی جزو کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کے 7 صحت بخش فوائد جان کر متعدد لوگ اسے کھانا شروع کر دینگے۔ اس کے فوائد مندرجہ ذیل ہیں۔

1: جلد کی دیکھ بھال
انجیر میں وٹامن”C” اور کیلشیم کی وافر مقدار ہونے کے سبب یہ آپ کی جلد کو نرمی اور فرحت بخشتی ہے۔ یہ عناصر اینٹی آکسیڈنٹس کے طور پر کام کرتے ہیں اور عمر کے بڑھنے کے ساتھ جلد میں جھریاں پڑنے سے روکتے ہیں اور جلد کو ترو تازہ رکھتے ہیں۔

2: فشار خون میں کمی
اس قدرتی پھل میں پوٹاشیم کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے اور یہ فشار خون کو کم کرنے کیلئے بہترین چیز ہے۔ پوٹاشیم خون کی شریانوں کو وسیع کرتا ہے۔ اس طرح یہ شریانوں اور رگوں پر دباؤ میں کمی لاتا ہے اور دل کی صحت کو تحفظ دیتا ہے۔

3: ہڈیوں کی کثافت کا تحفظ
انجیر میں مختلف معدنیات انسانی ہڈیوں کی کثافت کو برقرار رکھتے ہیں۔ عمر بڑھنے کیساتھ جبکہ اس دوران ہڈیوں سے معدنیات کی مقدار نکل جاتی ہے اس کے نتیجے میں جوڑوں میں کمزوری آ جاتی ہے اور ہڈیوں کے بھربھرے پن میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

4: مدافعتی نظام کی مضبوطی
وٹامن”C” کو کسی بھی مدافعتی نظام کے لیے صحت کی کنجی شمار کیا جاتا ہے۔ یہ خون میں سفید خلیوں کی تخلیق کو متحرک کرتا ہے اور متعدد اور عجیب نوعیت کے امراض کے خلاف جسمانی مدافعت کو تقویت دیتا ہے۔ انجیر میں پائی جانے والے دیگر اینٹی آکسیڈنٹس بھی مدافعتی نظام کو تھکنے سے بچاتے ہیں۔

5: شوگر کا کنٹرول
اگرچہ انجیر میں موجود ریشہ انسانی جسم میں گلوکوز اور انسولین کی مقدار کو منظم رکھنے پر قادر ہے تاہم انجیر میں پائی جانے والی قدرتی شوگر کے بلند ارتکاز کا خیال رکھا جانا چاہیے۔

6: وزن میں کمی
انجیر میں بڑی مقدار میں ریشے کی موجودگی سیراب ہونے کا احساس بڑھاتی ہے۔ اس طرح انسان زیادہ کھانے یا غیر ضروری ہلکے پھلکے کھانوں کے تناول سے دور رہتا ہے۔ البتہ انجیر کھانے میں اعتدال کا راستہ اپنانا چاہیے تا کہ حراروں اور شوگر کی مقدار میں زیادتی نہ ہو۔

7: خراب کولیسٹرول سے چھٹکارہ
یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ غذائی ریشہ انسانی جسم میں خراب کولیسٹرول پر قابو پاتا ہے۔ اس طرح انسان امراض قلب اور شریانوں کی بندش سے محفوظ رہتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں