سپر اسٹار شان کے حوالے سے گزشتہ سال سے خبریں تھیں کہ جلد ہی ان کی ایکشن تھرلر فلم ’ضرار‘ ریلیز ہوگی تاہم پچھلے سال نہ تو فلم ریلیز ہوئی اور نہ ہی فلم کا کوئی ٹیزر یا ٹریلر سامنے آ سکا۔
تاہم اب ’ضرار‘ کی پہلی جھلک سامنے آگئی ہے اور ایکشن اداکار نے اس بات کی بھی تصدیق کردی کہ فلم کو اسی سال ریلیز کردیا جائے گا۔
شان شاہد نے اپنی ٹوئٹ میں ’ضرار‘ کا 30 سیکنڈ دورانیے کا ٹیزر جاری کیا جس میں فلم کے چند کرداروں کو انتہائی مختصر وقت کے لیے دکھایا گیا ہے۔
ٹیزر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے تاہم اندازا ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی ’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ میں پاکستانی کردار کے گرد گھومتی ہے۔
ٹیزر میں منفی کردار ادا کرنے والے ایک کردار کو دکھایا گیا ہے جو کہ پڑوسی ملک افغانستان میں پہاڑوں کے درمیان کھڑے ہوکر کسی پاکستانی کو بول رہا ہوتا ہے کہ وہ ’پاکستان میں نہیں بلکہ افغانستان میں ہیں‘ اور وہ پاکستانی جاسوسوں کو تسلیم نہیں کرتے۔
مختصر ٹیزر کے آغاز میں لیجنڈ اداکار ندیم کو دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی پس پردہ شان کی آواز بھی سنائی دیتی ہے جو کہتے نظر آتے ہیں کہ جنگ ہتھیاروں سے لڑی جاتی ہے۔
ٹیزر میں فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم بتایا گیا ہے کہ فلم کو اسی سال ریلیز کردیا جائے گا۔
’ضرار‘ کی کہانی بھی خود شان نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات بھی انہوں نے خود ہی دی ہیں اور فلم میں اہم کردار بھی ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
ان کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں ندیم، نیر اعجاز اور کرن ملک جیسے اداکار شامل ہیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو رواں برس عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔