امیروغریب بورڈز کے بونس میں زمین آسمان کا فرق


مانچسٹر: 

امیر اور غریب بورڈز کے بونس میں بھی زمین آسمان کا فرق ہے تاہم انگلینڈ کو اس کے میدانوں پر سیریز میں مات دینے پر ویسٹ انڈین کرکٹرز کو فی کس 1875 پاؤنڈ انعام ملے گا۔

دنیا میں امیر اور غریب کرکٹ بورڈز کے پلیئرز کی فیس اور انعامی بونس میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈین ٹیم نے 4  وکٹ سے کامیابی حاصل کی مگر کنٹریکٹ کے تحت انھیں کامیابی پر کوئی انعامی رقم نہیں ملے گی،اگر وہ اگلا میچ جیت کر وزڈن ٹرافی اپنے پاس رکھنے میں کامیاب ہوگئے تو پھر سیریز فتح کیلیے مختص 23800 پاؤنڈ کا بونس ملے گا، جس میں آدھی رقم پورے 15 رکنی اسکواڈ میں تقسیم ہوگی، باقی رقم پلیئنگ الیون کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کو ملے گی، اس طرح ایک پلیئر کے حصے میں 1600 سے لے کر 1875 پاؤنڈ آئیں گے۔

دوسری جانب موجودہ کنٹریکٹ کے تحت ایک ٹیسٹ فتح پر انگلش کرکٹرز کو فی کس 6500 پاؤنڈ بونس ملتا ہے، اگر وہ اگلا میچ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کردیتے ہیں تو اس رقم کے حقدار بن جائینگے، سیریز میں 1-2 سے کامیابی پر ہر پلیئر کو اضافی 19500 پاؤنڈ ملیں گے جس سے ان کا مجموعی سیریز فتح بونس 32500  فی کس تک پہنچ جائیگا۔

یاد رہے کہ مئی میں ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے دیگر اسٹاف کی طرح پلیئرز کے معاوضوں میں بھی 50 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا تھا جس کا اطلاق جولائی سے دسمبر تک ہونا ہے، بورڈ اور پلیئرز ایسوسی ایشن میں معاہدے کے تحت کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل میچ فیس میں کوئی کٹوتی نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں