عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈھوم نے امید ظاہر کی ہے کہ کورونا دو سالوں کے اندرختم ہوجائے گا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے چیف ٹیڈروس ایڈھوم نے ہسپانوی فلوکا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسے ختم ہونے میں دو برس لگے تھے ۔
عالمی ادارہ صحت سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ’اس وقت جدید ٹیکنالوجی اوررابطوں کے تیز ترین ذرائع کی وجہ سے وائرس کے پھیلنے کے مواقع زیادہ ہیں اور یہ زیادہ تیزی سے پھیل سکتا ہے۔‘
’تاہم دوسری جانب ہمارے پاس وائرس کو روکنے کے لیے علم اور ٹیکنالوجی بھی موجود ہیں۔‘
جمعرات کو یورپین یونین نے کہا تھا کہ اس نے جرمن فارماسوٹیکل کمپنی ’کیورویک‘ کے ساتھ ممکنہ کورونا ویکسین کی 25 کروڑ خواراکیں حاصل کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
جبکہ دوسری جانب روس اگلے ہفتے 40 ہزار افراد پر کورونا ویکسین کے ٹرائلز شروع کرنے جا رہا ہے جس کی نگرانی ایک غیرملکی ریسرچ باڈی کرے گی۔
دنیا بھر میں 2 کروڑ 20 لاکھ 80 ہزار سے زائد لوگ کورونا وبا سےمتاثرہوچکے ہیں۔
امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمارکے مطابق دنیا میں کوروناسے ہونےوالی ہلاکتوں کی تعداد7 لاکھ 94 ہزار 274 ہوگئی ہے۔
دنیا بھرمیں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 55 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعد اد 1 لاکھ 74 ہزار 290 ہوگئی ہے ۔
برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں متاثرین کی تعداد 35 لاکھ ایک ہزار 975 ہے جبکہ کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 1 لاکھ 12 ہزار سے زائد ہے۔
بھارت تیسرے نمبرپرہے جہاں کورونا سے اب تک متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 29 لاکھ 5ہزار 825 ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 285 ہے۔