بالی ووڈ کے شہنشا امیتابھ بچن کی ایک مداح ایسی بھی ہے جس نے 21 برس قبل ان کے بیٹے اور اداکار ابھیشیک بچن کو تھپڑ مارا۔
خیال رہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف اداکار ابھیشیک بچن کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہیں فلمی دنیا میں اپنے والدین جتنی شہرت تو نہیں ملی لیکن ان پر اقربا پروری کی مُہر ضرور لگ گئی۔
ماضی میں دیئے گئے ایک انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ایک بار پھر وائرل رہی ہے، جس میں اداکار ابھیشیک بچن 2002 میں ریلیز ہونے والی فلم ’شرارت‘ کا ایک تلخ قصہ سنا رہیں۔
وائرل ویڈیو میں ابھیشیک بچن اپنی ماضی کی ایک فلم کی ریلیز کا تلخ واقعہ دہراتے ہوئے بتاتے ہیں، یہ 2002 کی بات ہے جب فلم ’شرارت‘ ریلیز ہوئی تھی، گیٹی گلیکسی سنیما کے باہر امیتابھ بچن کی ایک مداح مجھے سے آکر ملی، جو فلم سے ناخوش تھی انہوں نے مجھے تھپڑ مارا اور کہا کہ میں اپنے والد کا نام ڈوبو رہا ہوں اسے بہتر ہے کہ مجھے اداکاری چھوڑ دینی چاہئے۔
مذکورہ ویڈیو کے اگلے حصہ میں انہوں نے فلم شرارت کی ریلیز کے ٹھیک 10 برس بعد ریلیز ہونے والی فلم ’بول بچن‘ کا قصہ بھی سنایا جو گیٹی گلیکسی سنیما کے باہر پیش آیا۔
اداکار نے بتایا کہ فلم کی ریلیز کے بعد ھب سنیما کے باہر مداحوں سے ملاقات کی تو ایک مداح نے میرے ساتھ تصویر بنوا کے میرے والد (امیتابھ بچن) کو بھیجی اور میری اداکاری کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ کیسے دس برس میں قسمت کا پہیہ گھوما اور اسی جگہ جہاں مجھے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا وہیں مجھے اتنی پذیرائی بھی ملی۔
خیال رہے کہ ابھیشیک بچن کو اپنے فلمی کیرئیر میں کئی نشیب و فراز کا سامنا کرنا پڑا جہاں انہوں نے گرو، دھوم، بنٹی اور ببلی جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے وہیں انہوں نے شرارت، ہاں میں نے بھی پیار کیا، دم مارو دم، ناج، پھر ملیں گے جیسے ناکام فلموں میں بھی کام کیا۔ آج کل ابھیشیک بچن فلم گھومر کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔