بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن کی رہائش گاہ جلسہ پر رکشا بندھن کے تہوار کے موقع پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اس تقریب میں ویسٹ بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی شریک ہوئیں جوکہ اس وقت انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (INDIA) کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے ممبئی میں موجود ہیں۔
اس موقع پر ممتا بنرجی نے امیتابھ بچن کو راکھی باندھی اور ان کی پوری فیملی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
آل انڈیا ترنمول کانگریس کے سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ایکس‘ پر موجود آفیشل اکاؤنٹ پر ممتا بنرجی کی امیتابھ بچن کی فیملی کے ساتھ لی گئی تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔
یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ’آج وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے امیتابھ بچن اور جیا بچن سے ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی‘۔
ممتا بنرجی نے امیتابھ بچن کی پوری فیملی کا قیمتی وقت دینے کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور فیملی کے مستقبل کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ممتا بنرجی کے امیتابھ بچن اور جیا بچن کے ساتھ مضبوط اور اچھے تعلقات ہیں۔
یہاں تک کہ جیا بچن نے تو ممتا بنرجی کے لیے خاص طور پر ویسٹ بنگال کے انتخابات میں انتخابی مہم بھی چلائی تھی۔