بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن ایک بار لیجنڈ گلوکار محمد رفیع کی فلائٹ کو روکنے کے لیے ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے۔
امیتابھ بچن نے سینئر بھارتی صحافی راجیو کے بجاج کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ سیلیگری میں ہمارا ایک شو تھا اور وہاں محمد رفیع صاحب سب سے زیادہ توجہ کا مرکز تھے، ہم سب فنکار بھی وہاں اکٹھے تھے اور ہم ایک ایک کر کے اسٹیج پر جاتے، پروگرام کا تعارف کرواتے اور پھر نیچے آتے۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ دو دن کا شو تھا اور محمد رفیع صاحب نے پہلے دن پرفارم کرنا تھا اور دوسرے دن کے لیے ایک اور گلوکار کی بکنگ تھی لیکن وہ گلوکار کسی وجہ سے وہاں پہنچ نہیں سکے۔
امیتابھ بچن نے بتایا کہ مجھے یاد ہے کہ ہم سب پریشانی میں ایئر پورٹ کی طرف بھاگے اور کئی میل کا فاصلہ طے کیا اور وہاںہنچ کر معلوم ہوا کہ محمد رفیع صاحب جہاز میں موجود ہیں اور جہاز پروان بھرنے کے لیے تیار ہو رہی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہم نے اے ٹی سی سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کی کہ ہمیں ان سے دو منٹ کے لیے جا کر بات کرنے کی اجازت دے دیں، اجازت ملتے ہی ہم لوگ ہوائی جہاز میں گئے اور رفیع صاحب کو ساری صورتحال بتائی۔
امیتابھ بچن نے رفیع صاحب کی عاجزی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سیٹ چھوڑ کر ایک لفظ کہے بغیر ہی جہاز سے نیچے اتر گئے اور اگلے دن بھی پرفارم کیا اور پھر واپس گئے۔