نیویارک:
سیاہ فام امریکی ٹینس اسٹار سلون اسٹیفنز نے انکشاف کیا ہے کہ یوایس اوپن میں حالیہ شکست کے بعد انھیں 2 ہزار سے زائد نامناسب پیغامات سوشل میڈیا کے ذریعے موصول ہوئے ہیں۔جس میں انھیں تضحیک کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ ان کیخلاف نسلی تعصب اور جنسی ہراسگی سے متعلق جملے بھی شامل ہیں، سلون کو تیسرے راؤنڈ میں جرمن کھلاڑی اینجلیک کیربر نے ٹھکانے لگادیا تھا، سلون نے گذشتہ دن ہار کے بعد اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر لگائی تھی جس پر انھوں نے کیپشن میں لکھا تھا کہ میں شکست کے باوجود میں سمجھتی ہوں کہ میری سمت درست ہے۔
مجھے اس پر فخر ہے کہ میں نے اس مقابلے میں بھرپور فائٹ کی، میں جدوجہد کا یہ سلسلہ کبھی ختم نہیں کرنا چاہوں گی۔ اس کے جواب میں لوگوں نے 28 سالہ کھلاڑی کو ہزاروں نازیبا جوابات دیے۔