واشنگٹن: امریکی فوج نے سال 2019 کے موقع پر کی جانے والی اپنی ایک ٹوئٹ پر معافی مانگ لی۔
امریکی فوج نے سال نو پر ایک تصویر جاری کی تھی جس میں ایک جہاز کو بم برساتے دکھایا گیا۔
ٹوئٹ میں امریکی فوج کے ترجمان کی جانب سے لکھا گیا ہر سال کی طرح ٹائمز اسکوائر پر بڑی گیندیں برسانے کی روایت ہے اگر کہیں ضرورت پڑی تو ہم اس سے کئی بڑی اور بڑی چیزیں برسانے کے لیے تیار ہیں۔
امریکی فوج کے ٹوئٹر بیان سے تاثر ملا کہ نئے سال کے آغاز پر طیارے سے بم برسانے کا اشارہ دیا جارہا ہے جس پر ٹوئٹر صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی جس کے بعد ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی گئی۔
امریکی اسٹیٹیجک کمانڈ نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کیے جانے کے بعد نیا بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ اس سے قبل جاری کردہ بیان ہماری روایات کا عکاس نہیں جس پر معذرت خواہ ہیں۔
امریکی اسٹیٹیجک کمانڈ نے مزید کہا کہ ہم امریکا اور اس کے اتحادیوں کی سیکیورٹی کے لیے وقف ہیں۔