امریکی فضائیہ کی غلطی سے افغان فوجیوں پر بمباری، 4 اہلکار ہلاک


کابل: امریکی فضائیہ نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں غلطی سے افغان فوج کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنادیا جس کے نتیجے میں افغان نیشنل آرمی کے 4 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے ضلع لوگر میں پل نامی علاقے میں جنگجوؤں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران امریکی فضائیہ نے بھی بھرپور حصہ لیا اور اسی دوران غلطی سے طالبان کی کمین گاہ سمجھ کر افغان فوج کی چیک پوسٹ پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکار ہلاک اور 6 زخمی گئے۔

پولیس ترجمان شاہ پور احمد زئی نے میڈیا کو بتایا کہ ہم اس علاقے میں امریکی فضائیہ کی کارروائی سے آگاہ تھے اور مکمل تعاون کر رہے تھے تاہم حادثہ کسی قسم کی غلط فہمی کے باعث پیش آیا جس کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ آئندہ سرچ آپریشن کے دوران رابطوں کو مزید مستحکم اور بھرپور منصوبہ بندی سے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسی ضلع میں گزشتہ شام امریکی فوج کی ایک گاڑی کو باردوی سرنگ کے دھماکے میں اُڑادیا گیا تھا جس میں ایک مقامی ڈرائیور ہلاک ہوگیا تھا، دھماکے بعد امریکی فضائیہ نے اس علاقے میں فضائی کارروائی کی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں