امریکی بحریہ نے یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ کے کپتان کو بحال کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے تحقیقات سے ثابت ہوا کہ کپتان کو عہدے سے ہٹانا درست اقدام تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیپٹن بریٹ کروزئیر اس وقت سامنے آیا تھا جب یو ایس ایس تھیوڈور جنگی جہاز پر تعینات عملہ کورونا وائرس کا شکار ہو گیا تھا۔
جہاز کے کپتان نے سینئر اسٹاف کو خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ تمام وسائل بھیج کر جہاز کے 5 ہزار عملے کو قرنطینہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا تھا کہ امریکا حالت جنگ میں نہیں کہ سیلرز جیسے اثاثے کورونا کی نظر کر دے، خط پبلک ہونے پر بریٹ کروزئیر کو معطل کر دیا گیا تھا، بعدازاں انکشاف ہوا تھا کہ کیپٹن کروزئیر بھی کورونا سے بیمار ہو گئے ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق تحقیقات سے واضح ہوا ہے کہ کیپٹن کروزئیر بحثیت کمانڈنگ افسر مناسب اقدامات کرنے میں ناکام رہے جب کہ اسٹرائیک گروپ کمانڈر پر بھی زمہ داری عائد ہوگی اور ان کی رئیر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی روک لی گئی ہے۔