بیجنگ: امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد چین پہنچ گئے جہاں وہ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس کے بعد وہ کل پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔
افغان میڈیا کے مطابق زلمے خیل کی زاد کی بیجنگ میں چینی حکام سے ملاقات میں افغان امن سے متعلق بات ہوگی۔
زلمے خیل زاد نے بیجنگ پہنچنے پر سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ افغان امن عمل میں چین کا کردار اہم ہے، میں یہ جاننے کا منتظر ہوں کہ چین اور امریکا مل کر کس طرح کام کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کل اسلام آباد پہنچیں گے اور ان کا دورہ پاکستان 19 جنوری تک ہوگا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد اپنے دورے کے دوران اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور ان کے ہمراہ امریکی ڈپٹی وزیر خارجہ ایلیس ویلز بھی پاکستان آئیں گی۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ زلمے خلیل زاد باقاعدہ طور پر وفود کی سطح پر دفتر خارجہ میں مذاکرات کریں گے، ان کے دورے کا مقصد افغانستان میں فوجی انخلا اور افغان طالبان سے بات چیت پر مشاورت ہے۔
یاد رہے کہ امریکا نے افغانستان سے فوجی انخلا کے لیے پہلے مرحلے میں 7 ہزار فوجیوں کی واپسی کا اعلان کیا ہے اور امریکی فوجی انخلا سے قبل طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوچکے ہیں۔