امریکا سے تعلق رکھنے والے باسکٹ بال کے لیجنڈری کھلاڑی کوبی برائنٹ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کوبی برائنٹ پرائیویٹ ہیلی کاپٹر میں سفر کر رہے تھے کہ ریاست کیلی فورنیا کے شہر کلاباسس میں ان کے ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی۔
لاس اینجلس کے حکام کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ہونے والوں میں باسٹک بال کے لیجنڈی کھلاڑی کوبی برائنٹ اور ان کی 13 سالہ بیٹی گیانا بھی شامل تھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر کے زمین پر گرنے سے پہلے ایک زوردار دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پانچ بار نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے چیمپئن رہنے والے 41 سالہ برائنٹ نے اپنے پورے 20 سالہ کیرئیر کے دوران لاس انینجلس لیکرز کی جانب سے ہی کھیلا اور وہ اپریل 2016 میں ریٹائر ہوئے تھے۔