لاس اینجلس: امریکا میں دوران پرواز ڈیلٹا ایئرلائن کے طیارے میں 10 سالہ بچی کی پراسرار موت کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیلٹا ایئرلائن کے طیارے کو طبی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر لاس اینجلس ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔ طیارے میں دوران پرواز ایک بچی کی موت واقع ہوگئی تھی۔
ایئرپورٹ میں طبی عملے نے بچی کے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بچی نے دوران پرواز ہی طیارے میں دم توڑ دیا تھا تاہم موت کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ ایئرلائن انتظامیہ نے کہا کہ بچی طیارے میں سوار ہونے سے قبل مکمل طور پر صحت مند دکھائی دے رہی تھی۔
لاس اینجلس سول ایوی ایشن کی جانب سے بچی کی موت کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، دوسری جانب عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ 10 سالہ بچی کو پرواز بھرنے کے فوری بعد سینے میں شدید درد ہوا تھا اور دل کے دورے کے سبب ہی موت واقع ہوئی ہے۔