امریکا میں ہلاکتیں چین سے بھی بڑھ گئیں، دنیا میں اموات 42 ہزار سے زیادہ ہو گئیں

امریکا میں ہلاکتیں چین سے بھی بڑھ گئیں، دنیا میں اموات 42 ہزار سے زیادہ ہو گئیں


دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 42 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں جب کہ امریکا میں اموات کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہو گئی ہے جہاں سب سے پہلے کورونا وائرس منظر عام پر آیا تھا۔

امریکا میں گزشتہ روز 800 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی تھیں جب کہ مزید اموات کے بعد یہ تعداد 4 ہزار سے بھی زیادہ ہو گئی ہے اور امریکا میں متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 88 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ملک میں کورونا وائرس کے باعث 2 لاکھ تک اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو ہفے امریکی شہریوں کے لیے انتہائی دردناک ہو ں گے۔

کئی یورپی ممالک میں گزشتہ روز ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں جب کہ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار 428 اور مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

اسپین میں بھی 8 ہزار 400 سے زائد ہلاکتیں اور متاثرین کی تعداد 96 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے جب کہ چین جہاں دنیا میں سب سے پہلے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی وہاں اموات کی تعداد 3 ہزار 305 اور مریضوں کی تعداد 81 ہزار 518 ہے۔

فرانس میں بھی ہلاکتوں کی تعداد چین سے زیادہ یعنی 3 ہزار 523 ہو گئی ہے جب کہ ایران میں اموات 28 ہزار 98 ہو گئی ہیں۔

برطانیہ میں بھی کورنا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور یورپی ملک میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ اموات 1789 ہو گئی ہیں۔

کورونا وائرس اب تک دنیا کے203 ممالک تک پھیل چکا ہے اور جہاں اموات کی تعداد 42 ہزار 328 جب کہ متاثرین کی تعداد 8 لاکھ 59 ہزار 400 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے اب تک 26 اموات واقع ہو چکی ہیں جب کہ 2 ہزار سے زائد افراد اس وائرس میں مبتلا ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں