امریکا میں عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہو گئی ہے اور ایک دن میں مزید ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق دو ہفتوں کے دوران صرف ریاست کیلیفورنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد میں 32 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
امریکا میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 56 لاکھ 8714 ہو گئی ہے جب کہ 2 لاکھ 45 ہزار 943 افراد اب تک اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
‘برطانیہ میں ہلاکتیں مئی کے وسط کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں’
دوسری جانب برطانیہ میں بھی کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 532 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں، اموات کی تعداد مئی کے وسط کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے اسکاٹ لینڈ کے مزید کئی علاقوں میں سختی کر دی ہے جب کہ آسٹریا میں ایک دن میں 6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں فرانس میں مزید 22 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد آج وزارت صحت کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔