واشنگٹن: امریکا کی جنوبی ریاستوں میں بارشوں، طوفان اور سیلاب کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی جنوبی ریاستوں ٹیکساس، آرکنساس، لوزینا، میسیسپی اور جارجیا میں مسلسل ہونے والی بارشوں نے سیلابی صورت اختیار کرلی جب کہ ہوا کے تیز جھکڑوں کی زد میں آکر جانی و مالی نقصان ہوا، ہلاک ہونے والوں میں 3 بچوں سمیت 8 افراد شامل ہیں جب کہ متعدد زخمی ہیں۔
زیادہ تر ہلاکتیں درختوں کے جڑوں سے اکھڑ جانے کے باعث پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں ہوئیں، مشرقی ٹیکساس میں ایک درخت کار کی پچھلی نشست پر گرا جہاں بیٹھے دونوں بچے ہلاک ہوگئے جب کہ اگلی نشستوں پر بیٹھے والدین محفوظ رہے۔ کچھ ہلاکتیں فرینکلن کے قصبے ٹورناڈو میں سیلاب آنے کے باعث ہوئیں۔ ٹورناڈو قصبہ مکمل طور پر سیلاب میں بہہ گیا۔
ریسکیو ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مشرقی ٹیکساس کے تاریخی مقام پرایک ثقافی میلے کے دوران بگولے نے تباہی مچا دی واقعے میں ایک خاتون ہلاک جب کہ صرف مشرقی ٹیکساس میں 24 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ اسی طرح ہیوسٹن کاونٹی میں بھی ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
ریاست مسسیسیپی کے ہیملٹن نامی چھوٹے سے شہر میں طوفانی ہواؤں کی وجہ سے درجنوں گھر زمیں بوس ہو گئے۔ جنوبی ریاستوں کے 90 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی برے موسم کی یہ لہر اب ریاست نیو یارک اور دارالحکومت واشنگٹن کی طرف بڑھ رہی ہے۔