اٹلانٹا:
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست جارجیا کی کاؤنٹی گورڈن میں ایک چھوٹے جیٹ طیارے کا پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ طیارے کا ملبہ جنگل سے مل گیا جس میں سے 4 لاشیں نکالی گئی ہیں۔
قبل ازیں کئی گھنٹے جاری رہنے والے سرچ آپریشن کو موسم کی خرابی کے باعث معطل کردیا گیا تھا، ملبے سے نکالی گئی چار لاشوں میں سے ایک خاتون کی لاش بھی ہے۔ طیارے نے فیلکن فیلڈ سے نیشویل کے ایئرپورٹ ’جان سی تیون‘ کیلیےاڑان بھری تھی۔
فیڈرل ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جیٹ طیارے نے جس وقت اڑان بھری، اس وقت موسم شدید خراب تھا۔ دھند اور فوگ کے باعث حد نگاہ نہایت کم تھی جس کے باعث ممکن ہے جیٹ طیارہ کسی درخت سے ٹکرا کر زمین بوس ہوگیا ہو۔